Latest

امریکا کو ایک ارب 60کروڑڈالرکے بِل بھجوادیے،اسحاق ڈار

امریکا کو ایک ارب 60کروڑڈالرکے بِل بھجوادیے،اسحاق ڈار
اسلام آباد (مہتاب حیدر/طاہر شیرانی) پاکستان نے اتحادی سپورٹ فنڈ (سی ایس ایف) کے ایک ارب 60 کروڑ ڈالر کے بِل ان توقعات پر امریکہ کے حوالے کردیئے ہیں کہ وہ اس رقم کو فاسٹ ٹریک بنیادوں پر واپس کرے گا۔ یہ بات وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہی ہے۔ انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ایف بی آر کا ٹیکس وصولیوں کاہدف 2 ہزار 4 سو 75 ارب روپے سے کم کرکے 2 ہزار 3 سو 45ارب روپے کردیا گیا ہے تاکہ پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی)سے 115ارب روپے جو بلاک ایلوکیشن کے لئے مختص کئے گئے ہیں وہ ترقیاتی پروگرام کا حصہ نہ رہیں۔ پی ایس ڈی پی 540 ارب سے کم کرکے 425 ارب روپے اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ ایف بی آر کا ریونیو ٹارگٹ پورا نہیں ہوسکے گا۔ سٹیٹ بنک کی طرف سے منگل کو فنانشل اینوویشن چیلنج فنڈ کے اجرا ءکی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سات سال کے وقفے کے بعد پاکستان وسط اپریل میں 500 ملین ڈالر کے یورو بانڈ جاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے دنیا کے مختلف حصوں میں روڈ شوز کا انتظام کیا جائے گا۔ صدر اوباما کی طرف سے پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر کے بجائے ایک ارب ڈالر امداد دینے کے اشارے کے سوال پر وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے اتحادی سپورٹ فنڈ کی چار قسطوں کی ایک ارب 60 ڈالر کے بِل امریکہ کو بھجوا دی ہیں اور توقع ہے امریکہ یہ رکے ہوئے بِل فاسٹ ٹریک بنیادوں پر واپس کردے گا۔