Latest

آفاق احمد کو متحدہ قومی موومنٹ میں لانے کیلئے سینئررہنما سرگرم

آفاق احمد کو متحدہ قومی موومنٹ میں لانے کیلئے سینئررہنما سرگرم
لندن(رپورٹ:مرتضیٰ علی شاہ)متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کو اپنی صفوں میں لانے کے شدید خواہشمند ہیں ،پارٹی کے اندرمعتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مختلف سطحوں پر کوششیں جاری ہیں۔آفاق احمد جو اس وقت سعودی عرب میں ہیں، وہ بہت جلد لندن کے دورے کا ارادہ رکھتے ہیں، انہوں نے متحدہ میں اپنی شمولیت کی اطلاعات کوبے بنیاد قراردے کر مسترد کر دیا۔ لیکن لندن اور کراچی میں متحدہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی شخصیات کو آفاق احمد سے بات چیت جاری رکھنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ آفاق احمد ایم کیو ایم کے بنیادی ارکان میں شمار ہوتے ہیں، لیکن بعدازاں شدید اختلافات پیدا ہونے پر آفاق احمد اور عامر خان نے حقیقی کے نام سے اپنا علیحدہ دھڑا بنا لیا تاہم عامر خان کچھ عرصہ قبل متحدہ قومی موومنٹ میں شامل ہو گئے۔ آفاق احمد کو اب متحدہ قومی موومنٹ میں لانے کے لئے کوشاں رہنمائوں میں عامر خان، انچارج لیڈیز ونگ کشور زہرا، رکن رابطہ کمیٹی امین الحق، ایم پی اے زریں مجید شامل ہیں اوران کی کوششوں کو کنوینر رابطہ کمیٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، ندیم نصرت، حیدر عباس رضوی اورواسع جلیل کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ذرائع نے کہاکہ دونوں گروپوں کے درمیان کراچی اور دبئی میںکئی اجلاس ہو چکے اور ان میں آپس کے رابطے کھلے ہیں، کچھ روز قبل تو دونوں گروپوں کے انضمام کے انتظامات تقریباً مکمل ہو چکے تھے۔ لیکن آفاق احمد نے نامعلوم وجوہ کی بناء پر اس کو التواء میں ڈال دیا۔ سینئر ذریعے کا کہنا ہے کہ رابطے دوبارہ بحال ہو چکے ہیں اور جلد اہم پیش رفت کی توقع اورآفاق احمد کی لندن میں موجودگی کے موقع پر بریک تھرو متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق آفاق احمد کی لندن میں موجودگی کے دوران غیر جانبدار مقام پر اہم اجلاس ہوگا اوران سے مذاکرات کے لئے ٹیم پہلے ہی تشکیل دی جا چکی ہے۔ متحدہ کا ایک مضبوط دھڑا آفاق احمد کی شمولیت کا حامی ہے اور اس حوالے سے کوششوں کو الطاف حسین کی منظوری حاصل ہے۔