Latest

اپوزیشن کی مخالفت ، حکومت سینیٹ میں 2 بل منظور نہ کراسکی، قائمہ کمیٹی کے سپرد

اپوزیشن کی مخالفت ، حکومت سینیٹ میں 2 بل منظور نہ کراسکی، قائمہ کمیٹی کے سپرد
اسلام آباد (اے پی پی) سینیٹ میں اپوزیشن کی طرف سے مخالفت پر حکومت سینیٹ میں دو بل منظور نہ کراسکی اور وفاقی عدالت تنسیخ بل 2014ء اور نیشنل جوڈیشل پالیسی سازی (ترمیمی) بل 2014ء سینٹ کی متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیئے گئے۔ جمعرات کو ایوان بالا کے اجلاس کے دوران وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر پرویز رشید نے تحریک پیش کی کہ وفاقی عدالت ایکٹ 1973ء کی تنسیخ کرنے کا بل وفاقی عدالت تنسیخ بل 2014ء قومی اسمبلی کی منظور کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں یہ بل متفقہ طور پر منظور ہو چکا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے اس بل کی حمایت کی ہے اس بل کو کمیٹی کو بھجوانے کی بجائے منظور کر لیا جائے۔ سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ قومی اسمبلی کا احترام کرتے ہیں لیکن قومی اسمبلی کے کئی بل جو سینٹ میں آتے ہیں ان میں غلطیاں ہوتی ہیں، اس بل کو کمیٹی کو بھجوا دیا جائے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی زاہد حامد نے کہا کہ اس بل کو کمیٹی کو بھجوانے کی حمایت کرنے کا واضح مطلب یہ ہے کہ وہ اس کی مخالفت برائے مخالفت کرنا چاہتے ہیں۔ چیئرمین نے ایوان کی رائے سے بل کمیٹی کو بھجوا دیا۔