Latest

حماس دہشت گرد تنظیم قرار، مصری عدالت نےپابندی لگادی

حماس دہشت گرد تنظیم قرار، مصری عدالت نےپابندی لگادی
قاہرہ (جنگ نیوز) مصر ی عدالت نے فلسطینی تنظیم حماس کو دہشتگرد قرار دیکر اس کی تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی کی حکمران جماعت حماس پر اخوان المسلمون سے تعلق کے الزام میں پابندی عائد کی گئی ہے ۔ عدالت نے حماس کےتمام دفاتر اور اثاثے ضبط کرنے کا حکم بھی جاری کیا ۔ دوسری جانب حماس نے فیصلے کو سیاسی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے ۔ حماس کے ترجمان سمیع ابو زہری کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کا مقصد فلسطینیوں اور اسرائیل کیخلاف ان کی جدوجہد کو بدنام کرنا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ مصر فلسطینی تحریک کے خلاف کھڑا ہے ۔ دوسری جانب مصر میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے والے آرمی چیف جنرل سیسی نے ایک بار پھر صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا عندیہ دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ عوام کی امیدوں کو رد نہیں کرسکتے ۔ قاہرہ میں فوجی اکیڈمی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایسے وقت میں جب عوام ان سے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا مطالبہ کررہے ہیں وہ عوام سے منہ نہیں موڑ سکتے ۔ تفصیلات کے مطابق مصری عدالت نے اخوان المسلمون سے تعلق کے الزام میں حماس کو بھی دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا۔ فلسطینی تنظیم نے عدالت کے فیصلے پر شدید تنقید کی ہے۔ حماس کے ترجمان سمیع ابو زہری کا کہنا ہے کہ عدالت کے فیصلے سے فلسطینی ریاست کے قیام کےلئے مصر کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاہے ۔ عدالتی فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ مصر فلسطینی تحریک کے خلاف ہے ۔ حماس کے سینئر رہنما اس وقت قاہرہ میں موجود ہیں اور فیصلے کے بعد ان کی گرفتاری کا خدشہ ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مصر میں فوجی حمایت یافتہ عبوری حکومت نے معزول صدر ڈاکٹر محمد مرسی پر حماس اور لبنان کے ملیشیا گروپ کیساتھ ملکر ساز باز کرنے اور ایرانی پاسداران انقلاب کو ملکی راز دینے کا الزام بھی عائد کیا تھا ۔ معزول صدر مرسی کے دور حکومت نے حماس کو رفح کی راہداری پر کافی سہولت دے رکھی تھیتاہم فوجی حمایت یافتہ حکومت نے ان راہداریوں کو ختم کردیا اور صحرائے سینا کے علاقے میں آپریشن شروع کردیا تھا۔