Latest

دہشتگرد،علیحدگی پسند ،اغواکار حکومت کیلئے چیلنج ہیں،وزیر داخلہ بلوچستان

دہشتگرد،علیحدگی پسند ،اغواکار حکومت کیلئے چیلنج ہیں،وزیر داخلہ بلوچستان
کراچی ( جنگ نیوز ) صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہاہے کہ صوبے میں جرائم کی شرح میں پچھلے برس کی نسبت 33 فیصد کمی آئی ہے تاہم دہشت گرد ،علیحدگی پسند ،اغواکار اور لٹیرے اب بھی ایک چیلنج ہیں۔ یہ بات انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’’جیو ایف آئی آر‘‘ میں میزبان فہیم صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔سرفراز بگٹی کاکہناتھاکہ دہشت گردی کا مرکز پاکستان نہیں ہے بلکہ مغربی ممالک ہیں ۔کئی لاپتہ افراد افغانستان کے کیمپوں میں ٹریننگ لے رہے ہیں۔ میزبان سے اپنی گفتگو میں صوبائی ریجنل پولیس افسر (آ رپی او) عارف نواز خان نے کہاکہ پولیس اتنے بڑے چیلنجز کے لئے تیار نہیں تھی ۔2013 میں کوئٹہ پولیس کی 100 سے زائد شہادتوںسے پولیس کا مورال ڈائون ہوا۔آر پی او کاکہناتھاکہ پاک آرمی نے حال ہی میں 200 جوانوں کو تربیت دی جبکہ مستونگ اور کوئٹہ کے علاقے چیلنج بنے ہوئے ہیں اور باقی بلوچستان کے حالات ٹھیک ہیں ۔رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں سالانہ آٹھ ہزار جرائم ریکارڈ کئے جارہے ہیں جبکہ کوئٹہ شہر میں ساڑھے تین ہزار جرائم کے واقعات ہورہے ہیں ۔آر پی او عارف نواز کاکہناتھاکہ ایف سی کے ساتھ جوائنٹ آپریشن کا مثبت نتیجہ نکل رہاہے لیکن کھلے بارڈر کی وجہ سے سب کو چیک کرنا آسان نہیں ہے ۔