Latest

رشوت و سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال،دوپولیس افسران کیخلاف مقدمہ

رشوت و سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال،دوپولیس افسران کیخلاف مقدمہ
کراچی(خالد محبوب؍اسٹاف رپورٹر)اینٹی کرپشن پولیس ایسٹ زونز نے رشوت وصول کرنے اور سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال میں ملوث شاہ فیصل کالونی تھانہ کے اے ایس آئی (انوسٹی گیشن) امین عباسی، ایئر پورٹ تھانہ کے ایس آئی (انوسٹی گیشن)ممتاز اور دیگر کے خلاف مقدمہ نمبر2014/8 ۔ زیر دفعہ 161/34پی پی سی آر/ڈبلیو سیکشن 5(2)act-11.1947 کے تحت درج کر لیا ، مقدمہ عثمان مصطفیٰ ولد غلام مصطفیٰ کی شکایت پر تحقیقات کے نتیجے میں درج کیا گیا ہے۔ مدعی نے اپنی درخواست میں بتایا تھا کہ وہ اپنے بھائیوں کے ہمراہ شاہراہ فیصل پر واقع فلک ناز ویو میں مہران ٹریولرز کے نام سے اپنی ٹریول ایجنسی چلا رہا ہے۔ شہزاد بنگش ولد عبدالرئوف بنگش نے اس سے 50,000 روپے کا ایک ٹکٹ خریدا، اس نے حبیب بینک ملیر برانچ کا چیک نمبر 3564719دیا۔50,000روپے کا یہ چیک یکم فروری 2008ء کو کیش ہونا تھا۔9جنوری 2008ء کو شہزاد بنگش اپنے بھائیوں اوروالد کے ہمراہ آیا اور 50,000 روپے کا سابقہ چیک واپس لے کر میرے بھائی وقاص مصطفیٰ سے 10,000 روپے طلب کئے۔ بھائی نے اونر ساجد مصطفیٰ کی منظوری سے اسے 10,000 روپے نقد اور بقیہ 40,000 کا چیک دیدیا۔ درخواست گزار اس وقت موجود نہیں تھا۔ رقم لینے کے بعد انہوں نے بھائی کو مارنا شروع کردیا جبکہ 40,000 اور 50,000 روپے کے دو چیک لے کر بھاگ گئے۔اس وقت کے بعد درخواست گزار ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے متعلقہ تھانے گیا تاہم اس کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی اور کیس رجسٹر کرنے کے لئے رشوت طلب کی گئی۔ درخواست گزار نے سیشن کورٹ میں پٹیشن دائر کی جس نے متعلقہ پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا۔