Latest

سویڈن میں پاکستان کے سفیر اور کمرشل قونصلر کو واپس آنے کا حکم

سویڈن میں پاکستان کے سفیر اور کمرشل قونصلر کو واپس آنے کا حکم
اسٹاک ہوم (عارف کسانہ) وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف نے سویڈن میں پاکستان کے سفیر سجاد کامران اور کمرشل قونصلر عائشہ مخدوم کو فوری طور پر اسٹاک ہوم میں سفارت خانہ سے اسلام آباد واپس آکر رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے۔ سویڈن میں پاکستانی سفارت خانہ کو وزیراعظم کے یہ احکامات موصول ہوگئے ہیں جن میں 5 مارچ سے دونوں کو اپنا اپنا چارج چھوڑنے کی تاکید کی گئی ہے۔ اسٹاک ہوم میں سفارت خانہ کے منسٹر نجیب درانی قائم مقام سفیر کے فرائض سرانجام دیں گے۔ سفیر پاکستان اور کمرشل اتاشی کے درمیان شدید اختلافات اور جھگڑے کے بعد وزیراعظم نے اپنے پولیٹیکل سیکرٹری ڈاکٹر آصف کرمانی کو اسٹاک ہوم بھیجا تاکہ وہ ان کے درمیان اختلافات کو حل کرواسکیں جو ممکن نہ ہوسکا۔ روزنامہ جنگ میں اس بارے میں تفصیلات شائع ہونے اور ڈاکٹر آصف کرمانی کی رپورٹ پر ایکشن لیتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے دونوں کو فوری طور پر اسلام آباد واپس بلوالیا ہے۔