Latest

شہر میں ٹارگٹ کلنگ، لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری، متحدہ کے کارکن سمیت 7 ہلاک

شہر میں ٹارگٹ کلنگ، لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری، متحدہ کے کارکن سمیت 7 ہلاک
کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ٹارگٹ کلنگ اورتشددزدہ لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے انچارج سمیت 7افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔پرتشددواقعات لیاری کے علاقے بغدادی،کلاکوٹ تھانے،سمن آبادتھانے کی حدودفیڈرل بی ایریا،ماڑی پورپرانا ٹرک اڈا،کلری تھانے کی حدودکمیلہ اسٹاپ لیاری،پاک کالونی تھانے کی حدود گٹر باغیچہ کے قریب اورپیرآبادتھانے کی حدودگلگتی محلے میں پیش آئے۔تفصیلات کے مطابق بغدادی تھانے کی حدود شاہ بیگ لین کی گلی نمبر 5میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30سالہ اختر ولد گل شیر جاں بحق اور 45سالہ احمدشاہ ولد رحمت شاہ زخمی ہوگیا۔ زخمی اور لاش کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد مہیا کی گئی۔ ایس ایچ او تھانہ بغدادی محمدعالم ڈھیری کے مطابق مقتول شاہ بیگ لین کا رہائشی اور فشری میں ملازمت کرتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ لیاری گینگ وار ملزمان نے مخبری کرنے کے شبہ میں قتل کردیا۔ کلا کوٹ تھانے کی حدود لیاری چیل چوک کے قریب نوالین گلی نمبر 11 میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 45سالہ محمدیونس ولد حاجی عمر جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق جماعت اسلامی کے سابق ایم پی اے حاجی غلام حسین کا بھتیجا تھا اور سول انجینئر تھا جسے نامعلوم ملزمان کی جانب سے اس کے گھر کے قریب فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ سمن آباد تھانے کی حدود فیڈرل بی ایریا بلاک 18بازار کے قریب فائرنگ سے 40سالہ مشتاق ولد ابوکلام جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان کے مطابق فائرنگ میں جاں بحق ہونے والا متحدہ قومی موومنٹ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا انچارج تھا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان نے مشتاق کو فائرنگ کرکے اس وقت قتل کردیا جب وہ فیڈرل بی ایریا بلاک 18میں واقع پان کی دکان پر کھڑا تھا۔ مقتول کے سر کے پچھلے حصے پر 2گولیاںلگیں جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ مقتول مشتاق احمد کو بدھ کو عمرے پر جانا تھا۔ ماڑی پور پرانا ٹرک اڈہ کے قریب فائرنگ سے 70سالہ قیصر احمد ولد شاہ زمان زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد مہیا کی گئی۔ادھر بغدادی تھانے کی حدود لیاری کمیلہ اسٹاپ شاہ عبداللطیف بھٹائی روڈ کے نزدیک دو گروپوں کی لڑائی کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر 20سالہ بلال ولد حبیب الرحمن زخمی ہوگیا جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔مقتول لیاری کوارٹر بہار کالونی کا رہائشی تھا جس کے سر پر گولی لگی تھی۔ کلری تھانے کی حدود ماڑی پور روڈ پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 35سالہ کلیم ولد درخان ہلاک ہوگیا۔ مقتول ڈرائیور اور مچھر کالونی کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔پاک کالونی تھانے کی حدود گٹر باغیچہ کے قریب 36سالہ نامعلوم شخص کی ہاتھ پائوں بندھی لاش ملی ہے۔ مقتول کی لاش 18گھنٹے تک پڑی رہی۔ مقتول کے سر پر گولی مارنے کے علاوہ تشدد کے نشانات تے۔ مقتول پینٹ شرٹ پہنے ہوئے تھا، بال لمبے اور داڑھی تھی، لاش سول اسپتال لائی گئی۔پیرآباد تھانے کی حدود گلگتی محلے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 35سالہ منظور حسین ولد غلام حسین ہلاک ہوگیا۔ مقتول اسی علاقے کا رہائشی اور آبائی تعلق گلگت سے تھا۔ لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔ بنارس چوک کے نزدیک فائرنگ کی زد میں آکر 8سالہ بچی حسنہ بنت حبیب زخمی ہوگئی جسے سول اسپتال پہنچایا گیا۔ چاکیواڑہ عیدگاہ کے نزدیک نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 25؍سالہ عادل ولد گل محمد زخمی ہوگیا۔ زخمی کو سول اسپتال لایا گیا۔