Latest

طالبان سےمذاکرات،سمیع الحق،رستم شاہ شمالی وزیرستان جائینگے

طالبان سےمذاکرات،سمیع الحق،رستم شاہ شمالی وزیرستان جائینگے
اسلام آباد(طارق بٹ) مولانا سمیع الحق اور رستم شاہ مہمند ایک دو روز میں سرکاری ہیلی کاپٹر میں شمالی وزیرستان جائینگے، اس دورے کا مقصد تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ جنگ بندی کو یقینی بنانا ہے۔ یہ دونوں شخصیات ٹی ٹی پی کی شوریٰ سے نتیجہ خیز مذاکرات کے آغاز کے معاملے پر بھی بات کرینگے۔ یہ بات جمعرات کے روز وزیراعظم سے حکومت اور طالبان رابطہ کار کمیٹیوں کے ارکان کے اجلاس میں سامنے آئی۔ ایک کمیٹی رکن کا کہنا ہےکہ پہلے کی طرح سمیع الحق کو شمالی وزیرستان جانے کیلئے ہیلی کاپٹر فراہم کریگی، اجلاس میں حکومت کی جانب سے زور دیا گیا کہ چاہے احرار الہند، انصار المجاہدین، یا ٹی ٹی پی کا کوئی ذیلی گروہ یا اس سے علیحدہ ہوجانےوالا کوئی بھی گروہ ہو، جوکہ دہشتگردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، یہ طالبان کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی روک تھام کو یقینی بنائے۔ یہ بھی کہاگیا کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے محض ان دہشتگرد حملوں سے اظہار لاتعلقی ظاہر کرنا یا پھر انکی مذمت کرنا ہی کافی نہیں ہے، اس کے بجائے انہیں آئندہ اس قسم کی کارروائیوں کو روکنے کیلئے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔