Latest

علی ظفر کی نئی فلم ’’ٹوٹل سیاپا‘‘ کا کراچی میں پریمیئر

علی ظفر کی نئی فلم ’’ٹوٹل سیاپا‘‘ کا کراچی میں پریمیئر
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے سپراسٹار علی ظفر کی فلم ’’ٹوٹل سیاپا‘‘کا پریمیئر کراچی کے نیو پلیکس سنیما میں منعقد ہوا، اس فلم کا پریمیئرجمعہ کو لاہور میں ہوگا، علی ظفر اپنی فلم کی ریلیز کےلیے مکمل تیار ہیں۔ انٹرنیشنل ملٹی گروپ آف کمپنیز (IMGC)کے تعاون سے ’’ٹوٹل سیاپا‘‘ کاپریمیئر آج کراچی میں ہواجہاں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی نامور شخصیات جن میں حسن جہانگیر ، شمعون عباسی، مسکان، صائم، ہمایوں سعید، اعجاز اسلم آمنہ شیخ، نادیہ حسین، گلوکار فاخر، علی عظمت اور دیگر نامور فنکاروں نے شرکت کی جبکہ فلم کے نمایاں کردار ’’علی ظفر ‘‘ کی آمد پر لوگوں نے اُن کا شاندار انداز استقبال کیا۔ جیو اینٹرٹینمنٹ اس بڑے ایونٹ کا ایکسکلوزو میڈیا پارٹنر ہے۔ پاکستان میں اپنی پانچویں فلم کی ریلیز کے موقع پر ، علی ظفر پہلی بار اپنی فلم کے پہلے ریڈ کارپٹ کےلیے کراچی آئے ہیں۔ یہ علی ظفر کےلیے ایک خاص موقع ہے کہ وہ اپنی فلم کی ریلیز کے موقع پر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے دوستوں کے ہمراہ پریمیئر میں شریک ہوئے۔ یہ فلم ریلیز سے قبل ہی پاکستانی اور بھارتی فلم بینوں میں مقبول ہو گئی ہے۔علی ظفر کا فلم کے بارے میں کہنا ہے کہ ’’پاکستانی لوگوں نے ’’ٹوٹل سیاپا‘‘ کے پرومو کو پسند کیا ہے اور وہ بے چینی سے فلم کی ریلیز کے منتظر ہیں۔ میں پاکستان میں اپنی فلم کے پریمیئرپر موجودگی سے بے حد خوش ہوں اور میں اس وقت کا شدت سے انتظار کررہا ہوں جب پاکستانی آڈینس اس کامیڈی فلم سے لطف اندوز ہورہے ہوں گے۔ پاکستان اور بھارت کے تعلقات پر مزاحیہ اسکرپٹ میں علی ظفر، یامی گوتم اور کرن کھیراپنے بہترین کامیڈی کامظاہرہ کریں گے۔ ’’ٹوٹل سیاپا‘‘ کا پریمیئر نیو پلیکس سنیما کراچی میں ہوا اور لاہور میں آج سپر سنیمامیں منعقد ہوگا۔علی ظفر کا کہنا تھا کہ اس فلم میں بہت ہنسی مزاح ہے سارے پاکستانی اپنی فیملی کے ساتھ سینما گھر آئیں اور یہ فلم ضرور دیکھیں فلم دیکھنے والے اس فلم کو دیکھ کر یقیناً بہت زیادہ پرلطف ہوں گے۔ شاہد آفریدی سے متعلق ڈائیلاگ پر ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی نے چھکے لگا کر سب کے چھکے اڑادیئے ہیں۔ اس موقع پر شوبز انڈسٹری کے نامور شخصیات کی بڑی تعداد نے بھی ٹوٹل سیاپا کے پریمیئر شو میں شرکت کی اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کا ٹوٹل سیاپا فلم کو پاکستان میں فلم انڈسٹری کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح علی ظفر نے پڑوسی ملک کی فلموں میں اپنی بہترین پرفارمنس سے پاکستان کا نام روشن کیا تمام پاکستانیوں کےلیے فخر کی بات ہے۔ اس موقع ٹی وی اور فلم کے نامور اداکار ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ علی ظفر کی تمام فلموں میں یہ سب سے بہترین فلم ہے ۔ مشہور اداکار اعجاز اسلم کا کہنا تھا کہ علی ظفر فلم میکر کےلیے ایک مکمل پیکیج ہے۔ شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ حالات دنیا میں جیسے بھی ہوں فنکار اپنی فنکاری کے ذریعے لوگوں میں ہمیشہ خوشیاں بانٹنے کی کوشش کرتا ہے۔ مشہور ماڈل مسکان جے کا کہنا تھا کہ میں نے اس فلم کی پرموشن کےلیے بہت سے شوز کیے ہیں اس لیے مجھے معلوم ہے کہ یہ فلم بہت اچھی ہے اس فلم کو دیکھ کر بہت مزہ محسوس ہوگا۔