Latest

مخیر حضرات تھر کے متاثرہ افراد کی امداد کریں، الطاف حسین کی اپیل

مخیر حضرات تھر کے متاثرہ افراد کی امداد کریں، الطاف حسین کی اپیل
لندن (پ ر) ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے صحرائے تھرمیں قحط سالی اورخوراک کی قلت سے ہونے والی اموات پر دلی صدمہ اور سخت تشویش کااظہارکیاہے ۔ اپنے ایک بیان میں الطا ف حسین نے کہاکہ تھرمیں ہونے والی خشک سالی اپنی جگہ لیکن حکومت سندھ کے محکمہ خوراک کی جانب سے تھرکے لوگوں کو غذائی اجناس کی فراہمی کیلئے ناقص منصوبہ بندی، بدانتظامی اورنااہلی کے باعث آج تھرمیں عورتیں اوربچے فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہیں، بچے بھوک پیاس کی وجہ سے بلک رہے ہیں اورمسلسل فاقہ کشی سے تنگ آکراپنی جانوں سے ہاتھ دھورہے ہیں۔الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ ایم کیوایم کی جانب سے تھر کے قحط سالی سے متاثرہ افرادخصوصاًعورتوں اور بچوں کی امداد کیلئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات کئے جائیں اور وہاں بچوں کیلئے خشک دودھ، پانی اور غذائی اجناس پہنچائی جائے۔ الطاف حسین نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ تھرکے قحط زدہ افراد کی زیادہ سے زیادہ امداد کریں۔ الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ تھرکے قحط زدہ افراد کو غذائی اجناس کی فراہمی کے سلسلے میں صوبائی محکمہ خوراک کی سنگین غفلت ، کوتاہی اورنااہلی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تھر کے متاثرین تک غذائی اجناس پہنچائی جائیں۔