Latest

وزیر اعظم کی بے تکلفی، ارکان پارلیمان سے ملاقات میں چوپال کا منظر

وزیر اعظم کی بے تکلفی، ارکان پارلیمان سے ملاقات میں چوپال کا منظر
اسلام آباد (محمد صالح ظافر / تجزیہ نگار) حکمران پاکستان مسلم لیگ نون کے گوجرانوالہ کے چھ اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان نے بدھ کو ایوان وزیر اعظم میں وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ارکان نے اپنے اپنے حلقہ نیابت کے مسائل اور ترقیاتی سرگرمیوں میں قیادت کو آگاہ کیا۔ ملاقات کے خوشگوار ماحول اور اپنے ارکان کے ساتھ وزیر اعظم کی بے تکلفی کی وجہ سے ملاقات دیہاتی چوپال کا منظر پیش کر رہی تھی اس دوران مہمانوں اور میزبانوں کے درمیان امور حاضرہ کے علاوہ ماضی کے بعض دلچسپ واقعات کے بارے میں بھی اشاراتی گفتگو ہوئی۔ ایک گھنٹے سے زیادہ دیر تک جاری رہنے والی اس ملاقات میں سنجیدگی اور باوقار سکون غالب رہا تاہم قہقہے بھی بکھرتے رہے۔ داخلہ امور کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین سیالکوٹ سے رکن قومی اسمبلی رانا شمیم خان نے بڑی معصومیت کے ساتھ وزیر اعظم سے دریافت کیا کہ کیا دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی پشت پر غیر ملکی اور بھارتی ’’را‘‘ کا ہاتھ کار فرما ہے تو نواز شریف نے اس سے بڑھ کر معصومیت کے ساتھ سوال کنندہ سے پوچھ لیا کہ آپ کو معلوم ہے کہ کس کا ہاتھ کام کر رہا ہے تو بتائیں۔ رانا شمیم نے جواباً کہا کہ آپ وزیر اعظم ہیں آپ کو ہی علم ہو گا یہ موضوع زیادہ دیر زیر بحث نہیں رہا۔ گجرات سے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ مظہر علی نے ازراہ وزیر اعظم کو یاد دلایا کہ ہمارے ضلع سے ایک ڈپٹی پرائم منسٹر ہوئے ہیں جنہیں کوئی اختیار حاصل نہیں تھا ان کا اشارہ چوہدری پرویز الٰہی کی طرف تھا اس سے بھی پہلے کہ وزیر اعظم نواز شریف کوئی تبصرہ کرتے رانا شمیم نے مطالبہ کر دیا کہ اگر آپ ڈپٹی پرائم منسٹر یا بے اختیار وزیر اعظم بنانا ہے تو آپ مجھے بنا دیں اس پر زبردست قہقہہ پڑا۔