Latest

چیف الیکشن کمشنر کا تقرر، 19 مارچ تک نہ ہوا تو حکم جاری کرینگے، سپریم کورٹ

چیف الیکشن کمشنر کا تقرر، 19 مارچ تک نہ ہوا تو حکم جاری کرینگے، سپریم کورٹ
اسلام آباد(ثناء نیوز)سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ اگر 19 مارچ تک چیف الیکشن کمشنر کا تقرر نہ کیا گیا تو عدالت مناسب حکم جاری کرے گی، تقرری کیلئے ایک ماہ کا وقت دیا تھا، اس معاملے کو اسی مدت میں نمٹایا جائے جبکہ وفاق نے چیف الیکشن کمشنر کے تقرری کے لیے سپریم کورٹ سے دو ہفتوں کا وقت مانگ لیا۔ جمعرات کوجسٹس ثاقب نثار اور جسٹس اعجاز افضل پر مشتمل سپریم کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالتی استفسار پر ڈپٹی اٹارنی جنرل ساجد بھٹی نے بتایا کہ اٹارنی جنرل نے متعلقہ حکام سے بات کی ہے جہاں سے انہیں معلوم ہوا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے سلسلے میں پیش رفت ہوئی ہے، اس لئے مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے 2 ہفتوں کا وقت دیا جائے۔ڈپٹی اٹارنی جنرل کی اپیل پر جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس میں کہا کہ عدالت نے 19 فروری کو مستقل چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے ایک ماہ کا وقت دیا تھا، اس معاملے کو اسی مدت میں نمٹایا جائے دوسری صورت میں مناسب حکم جاری کیا جائے گا۔ کیس کی مزید سماعت 20 مارچ کو ہوگی۔