Latest

گڈانی میں 660 میگاواٹ کے 2 کول پاور پلانٹس کیلئے ڈھائی ارب ڈالر کامعاہدہ

گڈانی میں 660 میگاواٹ کے 2 کول پاور پلانٹس کیلئے ڈھائی ارب ڈالر کامعاہدہ
اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان اور دبئی کی کمپنی کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں جس کے تحت پاکستان میں کوئلے سے چلنے والے 660؍ میگاواٹ کے (کل 1320 میگاواٹ) دو بجلی پیدا کرنے کے پلانٹ لگائے جائیں گے۔ پاور پروجیکٹ کے علاوہ یہ کمپنی جیٹی بھی تعمیر کرے گی۔ منصوبے کے نتیجے میں پاکستان میں ڈھائی ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری آئے گی اور پروجیکٹ تین سال میں مکمل ہوں گے۔ وزیراعظم ہائوس میں ہونے والی مفاہمتی یادداشت پرد ستخط کی تقریب میں وزیراعظم نواز شریف بھی موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط پرائیویٹ پاور انفرااسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی)، وزارت پانی و بجلی، عرب نیشنل کنسٹرکشن (اے این سی) ہولڈنگ ایل ایل سی دبئی کے درمیان ہوئے۔ مفاہمت کی یادداشت پر اے این سی کے وائس چیئرمین و چیف ایگزیکٹو آفیسر فارس طیب عبدالرحیم البکر اور پی پی آئی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر این اے زبیری نے دستخط کیے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور اے این سی کے چیئرمین طیب عبدالرحیم احمد البکر کے علاوہ وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی، سیکرٹری پانی و بجلی سیف اللہ چٹھہ اور دیگر افسران بھی دستخطوں کی تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کمپنی کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پروجیکٹ کی تکمیل سے پاکستان بجلی کی قلت پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائے گا۔