Latest

2630میگاواٹ بجلی کے منصوبوں کی تعمیر کی منظوری

2630میگاواٹ بجلی کے منصوبوں کی تعمیر کی منظوری
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)پرائیویٹ پاور انفرانسٹرکچر بورڈ(پی پی آئی بی)نے گزشتہ روز 2630میگاواٹ بجلی کے منصوبوں کو تعمیر کرنے کی منظوری دی۔ بورڈ کا 95واں اجلاس وزیر پانی خواجہ آصف کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ بورڈ نے 590میگاواٹ کے محل ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کا کنٹریکٹ چین کی کمپنی سی ڈبلیو ڈی کو دینے کی منظوری دیتے ہوئے پی پی آئی بی کو ہدایت کی کہ وہ کمپنی کو دلچسپی کا خط جاری کر دے۔ بورڈ نے660میگاواٹ کے دو منصوبوں کی بھی منظوری دی ان منصوبوں سے کوئلے سے بجلی پیدا کی جائیگی اور پورٹ قاسم کراچی میں قائم ہوں گے۔ اس کیلئے بھی دلچسپی کے خطوط قطر اور چین کی کمپنیوں کو جاری کر نے کی ہدایت کی گئی ۔ پی پی آئی بی کو ہدایت کی گئی کہ وہ پن بجلی کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دے اور اس کیلئے کوٹلی آزاد کشمیر میں راجدھانی ہائیڈرو پراجیکٹ 132میگا واٹ چترال میں80میگاواٹ اور58میگاواٹ کے دو پن بجلی کے منصوبوں کیلئے میڈیا کے ذریعے ٹینڈر طلب کئےجائیں ۔بورڈ نے کشمیر میں اٹھمقام کے علاقے میں 350میگاواٹ کے بین الاقوامی ٹینڈر طلب کرنے کی بھی منظوری دی ۔