Latest

اسپتال میں موجود حنیف محمد کو پاکستان کی جیت کا یقین نہیں آیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایشیا کپ میں بنگلہ دیش کے خلاف شاہد آفریدی کی طوفانی اننگز کو دنیا میں کروڑوں شائقین نے دیکھا۔ کرکٹ کی تاریخ کے عظیم بیٹسمین ،لٹل ماسٹر حنیف محمد نے بد قسمت لوگوں میں شامل تھے جو اسپتال میں ہونے کی وجہ سے شاہد آفریدی کے سات چھکوں کو دیکھنے سے محروم رہے۔تاہم جب پاکستان میچ جیت گیا اور اسپتال میں ان کے پوتے شہ زر نے انہیں یہ خبر دی کہ شاہد آفریدی نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے تو حنیف محمد نے یہ بات ماننے سے انکار کردیا۔ انہوں نے اپنے اہل خانہ کو کہا کہ مجھے خوش کرنے اور میرا دل رکھنے کے لیے مجھے یہ خبر سنائی جارہی ہے۔شہ زر محمد نے بدھ کو جنگ کو بتایا کہ دادا کراچی کے اسپتال میں میچ دیکھ رہے تھے انہیں اس وقت بتایا گیا کہ ٹیسٹ رپورٹ کے مطابق آپ کو دل کا دورہ پڑاہے۔اس لیے انہیں پرائیویٹ کمرے سے اسپیشل کیئر میں شفٹ کردیا گیا۔میچ کے بعد حنیف محمد نے پوچھا کہ پاکستان کتنے رنز سے میچ ہارا ہے انہیں بتایا گیا کہ پاکستان جیت گیا ہے۔تو انہوں نے یہ ماننے سے انکار کردیا ۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پچاس گیندوں میں سو رنز کس طرح بن سکتے ہیں۔شہ زر محمد نے کہا کہ حنیف محمد پاکستان اور بھارت کا میچ دیکھتے ہوئے دل کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے۔دل کے دورے کی تصدیق کے بعد اب ان کی تھراپی کی جارہی ہے۔ان کا بلڈ پریشر مانیٹر کیا جارہا ہے۔مزید ایک دن انہیں اسپیشل کیئر میں رکھا جائے گا۔شہ زر نے کہا کہ بدھ کو حنیف محمد نے کھانا بھی کھایا اور ان کی حالت اب بہتر ہے۔