Latest

ملک میں ٹیبل ٹینس کی سہولتیں نہیں، قومی چیمپئن شبنم کا شکوہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹیبل ٹینس کی قومی خاتون چیمپین شبنم بلال نے شکوہ کیا ہے کہ پاکستان میں خواتین کھلاڑیوں کو ٹیبل ٹینس سمیت تمام کھیلوں کی بہت کم سہولتیں دستیاب ہیں۔ آل پاکستان ماسٹرز کپ ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کے بعد جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے علاوہ کسی بھی گیمز کی خواتین ٹیم بیرون ملک کھیلنے کےلئے نہیں جارہی ہیں جس سے کھلاڑیوں کو بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا تجربہ نہیں مل رہا،مزید ستم ظریفی یہ ہے کہ طویل عرصے سے کوئی بھی غیر ملکی ٹیم پاکستان نہیں آرہی ہے، اس صورتحال میں ہم کھیل کا معیار بہتر نہیں کرسکتے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پاکستان میں ٹیبل ٹینس کی لیگ کا انعقاد کیا جائے جس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا جائے اس سے ملک میں اس کھیل کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیبل ٹینس کی خواتین کھلاڑیوں کے مسائل حل کرنے کےلئےحکومتی سطح پر اقدامات کئے جائیں، انہیں ملازمت فراہم کی جائے اور کوچنگ کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔